
عمان : شام کی عرب دنیا میں واپسی کیلئے عرب وزرائے خارجہ کے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ اردن میں ہوگا۔عرب وزرائے خارجہ آج اردن کے دارالحکومت میں سر جوڑیں گے۔ اجلاس میں شام کے طویل عرصے سے جاری تنازع اور خطے میں دمشق کی سفارتی تنہائی کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اردنی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اجلاس میں مصر، عراق، اردن، سعودی عرب اور شام کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے شامی حکومت کے ساتھ ان ممالک کے رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا۔یہ اجلاس خلیج تعاون کونسل کے ممالک، اردن، عراق اور مصر کے مشاورتی اجلاس کا تسلسل ہے جس کی میزبانی سعودی عرب نے اپریل کے وسط میں کی تھی۔شام میں 12 سال سے جاری جنگ میں اب تک قریباً پانچ لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔


































