
ایران نے سویڈن اور ڈنمارک میں توہین قرآن کی مذمت کرتے ہوئے دونوں ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی غلط پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ملائیشین ہم منصب کے ساتھ نیوز کانفرنس میں کہا کہ مسلم دنیا اور اقوام ایسی توہین آمیز کارروائیوں کو مزید برداشت نہیں کریں گی۔ انہوں نے اسٹاک ہوم اور کوپن ہیگن پر زور دیا کہ وہ یورپ میں انتہا پسندی، تشدد اور دہشت گردی کے بڑھنے سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک سویڈش اور ڈنمارک کی اشیاء کی خریداری پر پابندی کی تجویز پر سختی سے عمل کریں گے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ سویڈن اور ڈنمارک کی حکومتوں کو اس گستاخانہ اقدام کی مکمل ذمہ داری اور سنگین نتائج کو برداشت کرنا ہوگا۔


































