
شمالی وزیرستان میں مسجد پر کواڈ کاپٹر حملے سے ایک شہری شہید ہو گیا جبکہ کوہاٹ میں مسجد کے اندر دھماکا سے مسجد کے دو کمرے زمین بوس ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سوات کے بالائی علاقوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف محکمہ انسدادِ دہشت گردی اور خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران شدید جھڑپوں میں ایک پولیس اہلکار اور چار ویلیج ڈیفنس کمیٹی کے ارکان شہید ہوگئے جبکہ چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جنہیں ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق شہید ہونے والوں میں عمر حیات ولد محمد شیر، گل زیب ولد عقل مند، محمد کریم ولد سیدا جان اور اختر زیب شامل ہیں، جن کا تعلق سوات کے مختلف علاقوں سے تھا۔ محمد کریم سابق وی ڈی سی رکن بھی رہے تھے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے خدمات انجام دیتے رہے۔ جھڑپ میں پولیس اہلکار گلفام بھی جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہداء کی میتیں مقامی اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔


































