
تہران : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے امریکا فرانس اور دیگر کئی یورپی ممالک کو ایران میں دہشت گردوں اور شرپسندوں کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی یقینی طور پر ان کے مفاد میں نہیں ہو گی۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہاکہ دشمن نے ملک کی سلامتی اور معیشت کے ساتھ ساتھ تعلیم اور پیداوار کے شعبوں کو نقصان پہنچا کر ایران کی ترقی کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے وزارت خارجہ کو حکم دیا کہ وہ سفارتی اور قانونی ذرائع سے ضروری اقدامات کرے تاکہ بیرون ملک سے کی جانے والی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔ انہوں نے ایرانی بچوں، خواتین، مردوں اور سیکیورٹی فورسز کے شرپسندوں کے ہاتھوں ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بغاوت کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کریں اور دہشت گردوں اور شرپسندوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔


































