
خرطوم : سوڈان میں سٹرکوں اور گلیوں میں لاتعداد لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ جس سے امراض پھوٹنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان اپریل سے جاری لڑائی میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ لاتعداد بے گورو کفن لاشیں گلیوں اور سڑ کوں پرپڑی گل سڑ رہی ہیں۔ خرطوم کے مردہ خانوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے۔ صفائی و ستھرائی کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔ جبکہ پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ اب تک چالیس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ ادھر خرطوم سے ملحقہ شہر ام درمان میں لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ فوج دریائے نیل کے ایک پل کا کنٹرول واپس لینے کی کوشش کررہی ہے جو آر ایس ایف کی ام درمان کیلئے مرکزی سپلائی لائن ہے۔ فوج نے شدید فضائی حملے اور گولہ باری کی جس سے بیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔


































