
خرطوم : سوڈان کے علاقے دارفور میں عرب امارات کی زیر سرپرستی آر ایس ایف کے حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت دو سو سے زائد افراد کے قتل کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یہ حملے نسلی بنیادوں پر کیے گئے۔ سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک کے مطابق سوڈان کی نیم فوجی فورس آر ایس ایف نے شمالی دارفور کے علاقوں امبرو اور ابو قمرا جبکہ مغربی دارفور کے علاقے سِربا میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ متاثرین میں بچے، خواتین اور مرد شامل ہیں جنہیں دانستہ طور پر نسلی شناخت کی بنیاد پر قتل کیا گیا۔
نیٹ ورک کے مطابق یہ معلومات چاڈ سرحد کے قریب ٹینا کے پناہ گزین کیمپوں میں پہنچنے والے متاثرہ افراد کی گواہیوں پر مبنی ہیں۔ بیان میں ان حملوں کو بین الاقوامی انسانی اور انسانی حقوق کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ ادھر آر ایس ایف کی جانب سے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ واقعات ایسے وقت پیش آئے ہیں جب شمالی دارفور میں لڑائی میں شدت دیکھی جا رہی ہے، جبکہ سوڈانی فوج کی اتحادی مشترکہ فورس نے آر ایس ایف کے حملوں کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔


































