
خرطوم: سوڈان کے مغربی علاقے دارفور میں متحارب فورسز میں شدید لڑائی چھڑگئی۔ راکٹ حملوں اور فائرنگ سے بیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ جنوبی دارفور کے دارالحکومت نیالا پر قبضے کیلئے فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز میں شدید لڑائی ہورہی ہے۔ دونوں جانب سے ہلکے اور بھاری ہتھیار استعمال کئے جارہے ہیں مقامی وکلاء یونین نے بتایا کہ متحارب فریق ایک دوسرے کو راکٹوں سے نشانہ بنارہے ہیں۔ رہائشی مکانات پر راکٹ لگنے سے سولہ افراد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ جھڑپوں میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ دارالحکومت خرطوم اور اس کے آس پاس بھی لڑائی جاری ہے۔ مقامی لوگوں نےبتایا کہ فوج نے خرطوم کے جنوب میں واقع ریاست الجزیرہ کے شمال میں واقع دیہات پر پہلا فضائی حملہ کیا ہے۔ سریع الحرکت فورسز جنگجوؤں اور ہتھیاروں کی مسلسل ترسیل یقینی بنانے کے لیے دارفور اور خرطوم کے درمیان شاہراہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جنگ کے نتیجے میں اب تک 33 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔


































