
خرطوم : سوڈان نے متحدہ عرب امارات پر ریپڈ سپورٹ فورسز آر ایس ایف کو بھرپور مالی اور عسکری امداد فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں سوڈان کی صورتحال پر شدید تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، جہاں سوڈانی اور اماراتی نمائندوں کے درمیان الزامات کا تبادلہ ہوا۔ سوڈان کے سفیر الحارث ادریس نے الزام عائد کیا کہ متحدہ عرب امارات ریپڈ سپورٹ فورسز کو عسکری امداد، ڈرونز، گولہ بارود، کرائے کے جنگجو اور میڈیا کوریج فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ آر ایس ایف سوڈانی کانوں سے سونا چرا کر امارات بھیج رہی ہے۔ ادریس نے واضح کیا کہ سوڈان کا تنازع کسی داخلی خانہ جنگی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک بغاوت ہے جو ایک تسلیم شدہ قانونی حکومت کے خلاف کی جا رہی ہے۔
اماراتی مندوب محمد ابوشہاب نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان کا بحران اندرونی معاملہ ہے، جسے سوڈانی فریقین کو خود حل کرنا چاہیے، بیرونی عناصر کو موردِ الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے۔


































