
کراچی: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اس صدی کے عظیم انقلابی رہبر حضرت امام خمینیؒ نے فرمایا تھا کہ امریکہ شیطان بزرگ ہے، اس سے خیر کی توقع رکھنا احمقوں کا کام ہے۔ پاکستان کے بعض حکمرانوں نے ہمیشہ امریکہ کی غلامی کو ترجیح دی ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع خیرپور کے تعلقہ فیض گنج کے مختلف مقامات کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور عوام الناس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے اراکین صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی آغا منور جعفری، اصغر علی سیٹھار اور مولانا منور حسین سولنگی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے بعض حکمرانوں نے ہمیشہ امریکی غلامی کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک آزاد، خودمختار اور باوقار پاکستان کی ضرورت ہے، ایسا پاکستان جو بیرونی دباؤ اور مداخلت سے پاک ہو۔ جہاں فیصلے پاکستان کے ایوانوں میں پاکستانی عوام کے نمائندوں کے ذریعے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پچاس برسوں کی امریکی غلامی نے قوم کو سوائے تباہی کے کچھ نہیں دیا۔ شیطان بزرگ کی دوستی سے خیر کی امید رکھنا عبث ہے۔


































