
لندن : سلووینیا اسرائیل کے ساتھ ہتھیاروں کی تجارت پر مکمل پابندی لگانے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیاہے۔ سلووینیا کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہےکہ وزیر اعظم رابرٹ گولوب کے وعدے کے مطابق اس نے اسرائیل کے ساتھ ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی برآمد، درآمد اور نقل و حمل پر مکمل پابندی لگا دی ہے- بیان میں کہا گیاہے کہ وزیراعظم نے یورپی کونسل کے اجلاس میں واضح کردیا تھا کہ اگر یورپی یونین نے جولائی کے وسط تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی تو سلووینیا آزادانہ طور پر کام کرے گا۔ بیان میں اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین کی اندرونی تقسیم اور اتحاد کی کمی نے غزہ میں انسانی بحران کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت کو محدود کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیاہےکہ غزہ میں لوگ مر رہے ہیں کیونکہ انسانی امداد کو منظم طریقے سے روکا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں ہر ذمہ دار ریاست کا فرض ہے کہ وہ عمل کرے۔
بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیاہے کہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کیلئے آنے والے ہفتوں میں اسرائیلی حکومت کے خلاف مزید قومی اقدامات تیار کیے جائیں گے۔


































