
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان اور وائس قونصل جنرل علی خوشرو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور تجارت کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک میں تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ اور ایرانی قونصل جنرل کے درمیان دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ کراچی اور چابہار کے درمیان فیری سروس شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر فیری سروس شروع ہو جاتی ہے تو زائرین اور طلبہ کو سہولت میسر ہوگی۔


































