
اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہو کر سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔ قومی اسمبلی کے اندر کی لائٹس بند کر دی گئیں، جس کے بعد سول کپٹروں میں چند اہلکار پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہو گئے، جبکہ باہر موجود پولیس نے پوزیشن سنبھال لیں۔ صاحبزادہ حامد رضا کو نقاب پوش اہلکاروں نے پارلیمنٹ کے اندر سے حراست میں لیا، جبکہ پی ٹی آئی کے نسیم علی شاہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم، عامر ڈوگر اور زین قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا جبکہ شعیب شاہین کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی جلسے کے منتظمین کے خلاف تین مقدمات درج کیے گئے ہیں، پہلا مقدمہ جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ کرنے کی خلاف ورزی کے خلاف کیا گیا ہے۔ دوسرا مقدمہ روٹ کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا جبکہ تیسرا مقدمہ ایس ایس پی سیف سٹی سمیت دیگر اہلکاروں پر پتھراؤ کرنے پر درج کیا گیا۔


































