
جدہ : عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ایک خفیہ معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت واشنگٹن نے اسرائیل کے ایٹمی ہتھیاروں پر ہمیشہ خاموش رہنے کی یقین دہانی کرائی ہوئی ہے۔
مصری چینل صدہ البلد کو دیے گئے انٹرویو میں احمد ابوالغیط نے کہا کہ اس خفیہ معاہدے کے مطابق اسرائیل نے وعدہ کیا ہے کہ وہ صدیوں تک اپنے ایٹمی ہتھیاروں کا ذکر نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے عرب ممالک کو دھوکہ دیا، کیونکہ ماضی میں امریکہ نے قاہرہ اور واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران مصر پر جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط کے لیے دباؤ ڈالا تھا، لیکن اسرائیل کو اس سے مبرا رکھا۔ ابوالغیط کے مطابق عالمی سطح پر اسرائیل کے ایٹمی پروگرام پر خاموشی دراصل امریکی تحفظ کی وجہ سے ہے۔


































