
مسقط: سعودی عرب نے فلسطین کے لیے غیر مقیم (نان ریزیڈنٹ) سفیر نامزد کردیا۔ نایف السدیری مقبوضہ بیت المقدس کیلئے قونصل جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔ سعودی وزارت خارجہ کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ’ اردن میں موجودہ سعودی سفیر نایف السدیری یہ ذمہ داری ادا کریں گے‘۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ السدیری نے اردن کے دارالحکومت عمان میں فلسطینی سفارت خانہ کے صدر دفتر میں فلسطینی صدر محمود عباس کے سفارتی امور کے مشیر مجدی الخالدی کو اپنی اسناد پیش کردی ہیں۔
السدیری نے کہا کہ یہ تقرر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ریاست فلسطین کے بھائیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں اسے باضابطہ فروغ دینے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


































