
ماسکو: روس نے یوکرین پر صدر ولادیمیر پیوٹن کو ڈرون حملوں کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ کریملن کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن کی رہائش گاہ پر مبینہ حملے میں دو ڈرون استعمال کیے گئے لیکن دفاعی نظام نے دونوں ڈرون کو تباہ کردیا۔ ہم اس کارروائی کو منصوبہ بندی سے کیا گیا دہشت گردی کا واقعہ اور صدر ولادیمیر پوٹن پر قاتلانہ حملہ سمجھتے ہیں۔روسی فوج نے یوکرین کو خبردار کیا ہے کہ جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ تاہم یوکرینی صدر زیلنسکی نے روسی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریملن پر مبینہ ڈرون حملوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ کیونکہ اس سے کوئی فوجی مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے۔ ہم صرف اپنی زمینوں پر لڑائی لڑ رہے ہیں۔ امریکا نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ واشنگٹن سرحدوں سے باہر یوکرینی حملوں کی حوصلہ افزائی اور مدد نہیں کرتا۔ ہم اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے کہ روس کا کیف پر الزام درست ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ روسی الزام کی تصدیق نہیں کرسکتے۔


































