
اسلام آباد :اقراء یونیورسٹی اسلام آباد نے گلگت بلتستان کے طلباء کیلئے کوٹہ مختص کر دیا۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا اور اقراء یونیورسٹی کے ڈائریکٹر عبد الوحید نے شرکت کی۔ دونوں فریقین کے مابین تعلیمی تعاون پر اتفاق رائے ہوا اور گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو وسعت دینے کا عزم دہرایا گیا۔ اجلاس کے دوران یہ طے پایا کہ یونیورسٹی مختلف تعلیمی پروگرامز میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے مخصوص کوٹہ مختص کرے گی۔ ان نشستوں پر داخلے کے لیے امیدواروں کی نامزدگی کا اختیار صرف ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن گلگت بلتستان کے پاس ہوگا۔ جو اہلیت کے معیار کے مطابق امیدواروں کی فہرست مرتب کر کے یونیورسٹی کو ارسال کرے گا۔ ان نشستوں پر درخواست دینے والے طلباء کے لیے داخلی میرٹ میں 10 فیصد نمبروں کی نرمی فراہم کی جائے گی۔


































