
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کردی جائیں گی۔ اتحادی جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ 15 ماہ میں تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا۔ ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سےنکالا۔ مخلوط حکومت کا سفر 11 اپریل 2022 کو شروع ہوا تھا، ہم نے مشکل وقت میں اس وقت حکومت سنبھالی جب ملک دیوالیہ ہونے کےقریب تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جو بیان نہیں کی جا سکتیں، ہمیں اندازہ تھا کہ صورت حال خاصی خراب ہوچکی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ بہت دور تک چلا گیا اور بالکل ٹوٹنے والا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے آئی ایم ایف کا چیلنج بڑا تھا جس نے میری نیندیں حرام کر رکھی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہو جائے گی۔ کوشش ہے کہ سب کے لیے قابل قبول نگراں سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نگراں وزیر اعظم کے نام کیلئے آج سے مشاورت ہوگی اور آئندہ 2 سے 3 روز میں مشاورت مکمل کر لیں گے۔


































