
مکہ مکرمہ: حج کی تیاریوں کے لئے سعودی سیکیورٹی فورسز نے مکہ میں شاندار فوجی پریڈ کا اہتمام کیا۔ مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر سیکیورٹی مشق کی ہے۔ جبکہ اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے اسلحہ سمیت عمارت سے نیچے اترنے کا مظاہرہ کیا۔ فوجی پریڈ میں خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ فوجی حکام نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز حج سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ سیکیورٹی مقاصد کیلئے مصنوعی ذہانت کے ٹولز اور دیگر ڈیجیٹل ایپس کو بھی استعمال کیا جائے گا۔ سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام کی تعداد کورونا کی وبا سے پہلے کی سطح پر لوٹ آئی ہے۔ رواں سال بیس لاکھ عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد نمرہ سے حج خطبہ براہ راست 20 زبانوں میں 30 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو پیش کیا جائے گا اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔


































