
واشنگٹن : امریکا نے انیس فروری کو نام نہاد غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس اور فنڈ ریزنگ کانفرنس بلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے بورڈ آف پیس میں شامل ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں تاکہ رہنماؤں کو دعوت دی جاسکے اور انتظامی امور طے ہوں۔ اجلاس واشنگٹن میں انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں ہونے کا امکان ہے۔ تاہم حتمی منظوری ابھی باقی ہے۔
اس اجلاس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانا اور تعمیرِ نو کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا ہے۔ ایک ذریعے نے ایکسیوس کو بتایا کہ ابھی کسی چیز کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم انتظامیہ اس منصوبے پر کام کر رہی ہے اور یہ جانچ پڑتال شروع ہو چکی ہے کہ کون سے رہنما شرکت کے قابل ہوں گے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو 18 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں، جو مجوزہ اجلاس سے ایک دن قبل ہوگی۔


































