
رام اللہ : بین الاقوامی فوجداری عدالت نے فلسطینیوں کو جنگی جرائم کے مقدمے آن لائن درج کرانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ فلسطینی معاون وزیر خارجہ عمر عواد اللہ نے بتایا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت جلد ہی آن لائن الیکٹرانک پلیٹ فارم کا آغاز کررہی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے لوگ اسرائیل کے جنگی جرائم کی ملٹی میڈیا شکایات آئی سی سی میں جمع کراسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم لوگوں کو اسرائیلی جرائم کی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے آئی سی سی میں آن لائن شکایات جمع کرانے کے قابل بنائے گا تاکہ عدالت ان پر غور کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے تمام بین الاقوامی ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی نسل پرستانہ پالیسیاں جاری رکھی ہوئی ہیں انہوں نے فلسطینیوں کو فوری تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ عواد اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو روزمرہ کے جرائم سے روکنے پر مجبور کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مسلسل بات چیت ہونی چاہیے۔


































