
دوحہ : حماس نے فلسطینی اتھارٹی اور تحریک فتح پر انفرادی پالیسیاں مسلط کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہےکہ فلسطینی کاز کو درپیش بے مثال خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے موقف کو متحد کرنا ناگزیر ہے۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ قومی اتفاق رائے سے ہٹ کر فلسطینی سیاسی نظام پر حقائق مسلط کرنے کے لیے اتھارٹی کی قیادت کا اصرار ان کی تنگ نظری اور ذاتی مفادات کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونی دباؤ کے تحت فلسطینی سیاسی نظام کے ساتھ اتھارٹی کی قیادت کی مسلسل چھیڑ چھاڑ نے اس نظام کو مسخ کر دیا ہے اور اس کے فرائض کو قومی مفادات سے دور کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ بیرونی قوتوں کو ہمارے قومی اداروں کی ساخت میں مداخلت کا مسلسل موقع مل رہا ہے۔ حماس کے ترجمان نے اس بات کا یقین دلایا کہ تمام قومی اور عوامی قوتوں کے درمیان ایک سنجیدہ اور حقیقی قومی مکالمہ ہمیشہ سے ناگزیر مطالبہ رہے گا تاکہ قومی اداروں کی اصلاح کی جا سکے۔


































