
رام اللہ : فلسطین اور دنیا بھر میں مقیم فلسطینیوں نے 77 سالہ صیہونی قبضے کے خلاف یوم النکبہ منایا۔ رواں سال یوم النکبہ کا عنوان تھا "ہم نہیں جائیں گے۔ فلسطین فلسطینیوں کا ہے”۔ صہیونی قبضے کو 77 سال مکمل ہونے پر فلسطینی شہروں میں سائرن بجائے گئے جو 77 سیکنڈ تک گونجتے رہے۔ سائرن کے دوران شہریوں نے خاموشی اختیار کر کے شہداء اور مہاجرت کی یاد کو تازہ کیا۔ اس موقع پر ایک مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی پرچم لہرائے، سیاہ بینرز اٹھائے اور ہاتھوں میں چابیاں تھام رکھی تھیں۔ جو اس تاریخی مطالبے کا اظہار ہیں کہ مہاجرین کو ان کے آبائی علاقوں میں واپس جانے کا حق حاصل ہے۔ یہ دوسرا سال ہے کہ نکبہ کی برسی ایسے وقت میں آئی ہے جب غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام ایک انتہائی سنگین انسانی المیے سے دوچار ہیں۔


































