
تہران : پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے معاہدے پر دستخط کردئے جس کے تحت دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔ پاک ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا اجلاس تہران میں ہواجس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور دو طرفہ تجارتی اہداف کے حصول کے لیے مختلف تجاویز زیر غور لائی گئی۔ ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فداحسین دشتی اور زاہدان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالحکیم ریگی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پرپاکستانی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور ایرانی ہم منصب بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ اگلے 3 ماہ میں ایران سے تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ فدا حسین دشتی نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستحکم کاروباری تعلقات کے فروغ کیلئے روز اول سے ہی کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں ہماری جانب سے حکومت کو ہر ممکن تعاون بھی حاصل ہوگا۔


































