
استنبول : پاکستان اور افغانستان نے ترکیہ کی ثالثی میں کئے گئے مذاکرات میں جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔ استنبول میں پاکستان افغانستان مذاکرات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد کے مزید طریقہ کار پر غور و خوض اور فیصلہ استنبول میں چھ نومبر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق تمام فریقین نے ایک مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جو امن کے تسلسل کو یقینی بنائے گا اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے فریق پر سزا عائد کرے گا۔ افغان اور پاکستانی حکام کے درمیان استنبول میں ہونے والے مذاکرات کئی روز جاری رہے، جن کی ثالثی انقرہ اور دوحہ نے کی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات بدھ کو ناکام ہوگئے تھے تاہم میزبان ترکیہ کی درخواست پر جمعرات کو دوبارہ شروع کیے گئے۔


































