
جنیوا : سو سے زائد امدادی تنظیموں نے غزہ کی تمام کراسنگ کھولنے اور اسرائیلی محاصرہ ختم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی اپیل کردی۔ ایک مشترکہ بیان میں امدادی تنظیموں نے کہا کہ امدادی کارکن اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے کے لیے بندوق کی گولیوں کا خطرہ مول لے کرفوڈ لائنوں میں کھڑے ہیں۔ اسرائیلی حکومت کی ناکا بندی سے غزہ کی آبادی بدستور بھوک سے مر رہی ہے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے متنبہ کیا ہے کہ موجودہ حالات انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کو ناپائیدار بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنگ کے ہتھیار کے طور پر لوگوں کو بھوکا رکھنا جنگی جرم ہے۔تنظیموں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر امداد موجود ہے لیکن اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے اسے پہنچایا نہیں جارہاہے۔ اسرائیلی رکاوٹوں نے افراتفری، بھوک اور موت کو جنم دیا ہے۔


































