
تہران: ایران کی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ہمارا انتقام صیہونی ریاست کے خاتمے کے ساتھ ہی رکے گا۔ تہران میں اجتماع سے خطاب میں جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایران اپنے شہریوں کی ہلاکت کو فراموش نہیں کرسکتا، ہمارا بدلہ بہت ہولناک ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف 7 اکتوبر کے روز طوفان اقصیٰ آپریشن مکمل طور پر فلسطینی کارروائی تھی جسے خود فلسطینیوں نے عملی جامہ پہنایا۔ یہ آپریشن بیرونی مدد کے بغیر سر انجام دیا گیا۔ جو 75 سال سے جاری اسرائیلی ظلم اور بربریت پر ردعمل تھا۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ طوفان اقصیٰ کارروائی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر انتقامی کارروائی نہیں ہے۔ انتقام لینے کا حق صرف ہمارا ہے، ایران ایک طاقتور انتظامیہ ہے، ہم جو کہتے ہیں ببانگ دہل اور بلا خوف کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنانی تنظیم حزب اللہ انتظامی طور پر آزاد ہے جو فلسطینی عوام کے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔


































