
جنیوا : اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے خبردار کیا ہےکہ غزہ میں دس لاکھ خواتین اور لڑکیوں کو بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا سامنا ہے۔
انروا نے ایک بیان میں کہاکہ غزہ کی طویل ناکہ بندی اور علاقےکی تباہی سے غذائی قلت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ خواتین اور لڑکیوں کو بڑے پیمانے پر بھوک، تشدد اور بدسلوکی کا سامنا ہے۔ بیان میں کہا گیاہےکہ خواتین کو بقا کی خطرناک حکمت عملی اپنانے پر مجبور کیا جا رہا ہے وہ موت کے انتہائی خطرے کے باوجود خوراک اور پانی کی تلاش میں نکلنے پر مجبور ہیں۔
بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان کاظم ابو خلاف نے غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال کے خطرناک بگاڑ سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ ایک سو بارہ بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ جون کے مقابلے میں ان بچوں کی تعداد میں 180 فیصد اضافہ ہوا ہے جو شدید غذائی قلت کی حالت میں پہنچ چکے ہیں۔


































