
تل ابیب : اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب، حیفہ اور دیگر شہروں میں ہزاروں مظاہرین نے مرکزی شاہراہیں بلاک کردیں۔ تل ابیب میں مظاہرین نے وزارت دفاع کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے عدالتی ترامیم کے خلاف احتجاج کرنے والے 45 مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔ آٹھ مظاہرین کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ٹرین سروس میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہے تھے۔ تل ابیب میں ریزرو فوجیوں سمیت ہزار سے زائد مظاہرین نے فوجی ہیڈکوارٹر کا گھیراؤ کرلیا۔ اسرائیلی فضائیہ کے 100 پائلٹوں نے مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے عدالتی ترامیم کے خلاف اپنی خدمات انجام دینے سے انکار کردیا۔ حیفا میں بھی سینکڑوں مظاہرین نے مرکزی سڑکوں کو بلاک کیا۔ جبکہ 200 سے زائد خواتین نے شہر کی ایک عدالت کے سامنے احتجاج میں شرکت کی۔اسرائیلی حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ اصلاحات کا مقصد عدلیہ کو کمزور کرنا اور سپریم کورٹ کے اختیارات کو کم کرنا ہے۔ مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ مظاہرین کا مقصد اسرائیل میں نظام زندگی کو مفلوج کرنا اور بڑی سڑکوں کو بلاک کرنا تھا۔


































