
تل ابیب : اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی کنٹرول کو مضبوط بنانے کے لیے نئے قوانین کی منظوری دے دی ہے۔ صیہونی کابینہ نے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز اور وزیرِ خزانہ بیزلیل اسموٹریچ کی جانب سے پیش کئے گئے مقبوضہ مغربی کنارے میں زمین کے انتظام اور رجسٹریشن سے متعلق قوانین کی منظوری دیدی۔ صیہونی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے لینڈ ریکارڈ کو خفیہ رکھنے کا نظام ختم کر کے اسے عوامی کیا جائے گا، جس سے فلسطینی زمین مالکان کے نام ظاہر ہوں گے۔ اس اقدام کے تحت فلسطینی مالکان سے براہِ راست رابطہ کر کے ان کی زمین خریدنے کی راہ ہموار کی جائے گی۔ ایک اور فیصلے کے تحت غیر عربوں کو زمین فروخت کرنے پر عائد پابندی ختم کرنے کی قانون سازی کی جائے گی۔


































