
ممبئی : ہندوستان کے شہر ممبئی کے مراٹھا کالج میں مسلم طالبات کے برقع پہن کر داخلے پر پابندی لگادی گئی۔ ممبئی کے علاقے چیمبور میں واقع این جی آچاریہ اینڈ ڈی کے مراٹھا کالج میں گذشتہ روز اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب برقع اور حجاب پہنے طالبات کو اندر داخل ہونے سے روکا گیا۔ طالبات نے بتایا کہ انہیں کالج میں داخل ہونے کے لیے برقع اتارنے کی ہدایت کی گئی۔ واچ مین نےبتایا کہ پرنسپل نے برقع اور حجاب پہنے طالبات کو کالج میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے کہا تھا۔ طالبات اور والدین نے کالج کے سامنے احتجاج کیا۔ پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ کالج کی پرنسپل ودیا گوری لیلے نے بتایا کہ کالج نے اس سال نئے ڈریس کوڈ کو لاگو کیا ہے اور والدین کو پہلے سے ہی قواعد سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ جسے ڈریس کوڈ پر اعتراض ہے وہ کالج چھوڑ دے۔


































