
گلاسگو : برطانیہ میں خالصتان ریفرینڈم نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو پریشان کردیا اور انہوں نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے جلاوطن سکھ رہنماؤں کوحوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔اسکاٹ لینڈکے شہر گلاسگو میں عالمی موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی تعلقات سے زیادہ خالصتان ریفرنڈم کامعاملہ حاوی رہا۔مودی نےبورس جانسن کےسامنے شدید تحفظات اور برطانیہ میں خالصتان کے رہنماؤں کی سرگرمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر اس معاملے پر مل کر مسئلے کی نشاندہی کریں گے۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ بھارت اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر رواں ماہ کے آخر میں ملاقات کریں گے جس میں برطانیہ میں سرگرم خالصتان کے رہنماؤں کے بارے میں بات کی جائےگی۔


































