
لاہور: وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ علما اور مشائخ عظام نے ہمیشہ ہر موقع پر قوم کی رہنمائی کی ہے، پاکستان میں بھائی چارے، یکجہتی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، ہم سب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور پرامن فضا کو یقینی بنانے کے لئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے، ہمیں اخوت و بھائی چارے اور رواداری کی فضا قائم کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔


































