
لاہور : چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کراچی میں فرقہ وارانہ اور شرانگیز کانفرنس سے اظہار برات کردیا، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں کراچی میں فرقہ وارانہ اور شرانگیز کانفرنس سے میرا کوئی تعلق نہیں، نہ میں نے اس میں شرکت کی، ہم نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے پرچم کو بلند رکھا۔ ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور شدت پسند تکفیری گروہوں سے ہمیشہ بیزاری کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میری اس فتنہ انگیز پروگرام میں شرکت کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جس کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں، پاکستان اس وقت کسی بھی فرقہ وارانہ شر انگیزی کا متحمل نہیں ہے، امت مسلمہ کو مل کر ایسے شرپسندانہ عزائم کے خلاف باہمی اتحاد و یکجہتی سے دشمن کے ناپاک ارادوں کا ناکام بنانا ہوگا۔


































