
غزہ: صیہونی فوج نے غزہ میں حملے جاری رکھے۔ رہائشی عمارتوں اور چرچ پر بمباری سے کئی فلسطینی شہید و زخمی ہوگئے۔ صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ کے علاقے الزیتون میں یونانی آرتھوڈوکس چرچ پر بم برسادئے۔ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد شہید ہوگئے۔ جنگی طیاروں نے دیر البلاح شہر کے اپارٹمنٹ کو حملے کا نشانہ بنایا۔ جس میں کئی افراد شہید و زخمی ہوئے۔ طیاروں نے خان یونس میں بھی رہائشی عمارات کو نشانہ بنایا اس حملےمیں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت 21 افراد شہید اور 79 زخمی ہوئے جس میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ شمالی غزہ شہر کے الزیتون اور الشجائیہ کے نواحی علاقوں میں بھی فضائی حملے کئے گئے۔ جس کے نتیجے میں کئی مکانات منہدم ہو گئے۔ وسطی قصبے الزہرہ میں 10 سے زائد رہائشی عمارتیں اور ٹاورز حملوں سے زمین بوس ہوگئے۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 24 گھنٹوں کے دوران 307 فلسطینی مارے گئے۔ شہدا کی مجموعی تعداد 38 سو سے زائد ہوگئی ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج کے مقبوضہ مغربی کنارے میں آپریشن کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ آپریشن میں اسی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا جن میں سے 63 پر حماس کے کارکن ہونے کا الزام ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں سات اکتوبر سے اب تک 76 فلسطینی شہید کئے جاچکے ہیں۔


































