
کوالا لمپور: ملائیشیا اور برازیل نے جنوبی افریقا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کے مقدمے کی باضابطہ حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ملائشین وزیراعظم انور ابراہیم اور برازیلی صدر رامافوسا نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں فلسطین کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت اور مکمل خود مختار ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار اور منصفانہ امن صرف بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔
دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے، محاصرہ ختم کرائے اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔


































