
مکہ: دنیا بھر کے علمائے کرام۔ مفتیوں اور اسلامی اسکالرز نے امت مسلمہ کے اتحاد کو فروغ دینے اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب مکہ مکرمہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت میں دو روزہ انٹرنیشنل اسلامی کانفرنس کااہتمام کیا گیا۔ جس میں 85 ممالک کے 150 عالم دین، مفتیان کرام اور اسلامی اسکالرز شریک ہوئے۔ سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اپنے خطاب میں کہاکہ کانفرنس کا مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا فروغ، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کےلیے مملکت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔
قازقستان کے مفتی نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس اتحاد کا باعث بنےگی۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہاکہ حالات کا تقاضا ہے کہ اسلام مخالف جارحانہ رجحانات کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور اسلامی اتحاد کے تصور کو اجاگر کریں۔ امارات میں اسلامی امور و اوقاف کے محکمے کے سربراہ ڈاکٹر محمد مطر الکعبی نے کہا کہ سیاسی اسلام کے علمبردار اسلام کے اعلی تصورات کو یرغمال بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔


































