
ماسکو: روسی وزیر خارجہ سر گئی لاروف نے کہا ہے کہ افغانستان، لیبیا عراق کی طرح غزہ کے لیے بھی امریکی منصوبہ ناکام ہوگا۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہاکہ امریکا غزہ کے مستقبل کے حوالے سے اپنے طریقے مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ جن کا بین الاقوامی قانون سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ امریکا اس سے قبل کئی ممالک میں اپنے منصوبے مسلط کرنے کی ناکام کوشش کرچکا ہے یہ ممالک تباہ ہوگئے مگر امریکی وژن کامیاب نہیں ہوسکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو اپنی ریاست قائم کرنے کا حق ہے۔ جس میں مغربی کنارہ، مشرقی یروشلم اور غزہ کی پٹی سمیت تمام دیگر علاقے شامل ہیں۔ لاوروف نے وضاحت کی کہ روس کا مؤقف سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں اور عرب امن اقدام پر مبنی ہے اور مستقل امن کے قیام کا فارمولہ معروف ہے۔ ہمارا موقف 1967ء کی سرحدوں کے اندر مشرقی یروشلم کے دارالحکومت پر مشتمل ایک آزاد ریاست کا قیام کے مطالبے پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو افراتفری میں ڈالنے کی بڑی وجہ مغربی ممالک کی سازشیں ہیں مگر مغرب کی بالادستی کم ہو رہی ہے۔ لاوروف نے کہا کہ "دنیا میں طوفان بدستور جاری ہیں اور اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ مغرب کے حکمران حلقے اپنی سرحدوں سے ہزاروں کلومیٹر دور بحرانوں کو ہوا دے رہے ہیں، تاکہ اپنے مسائل کو دوسرے لوگوں کی قیمت پر حل کرسکیں۔


































