
کوپن ہیگن: سوئیڈن کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن پاک کو آگ لگانے کے شرمناک اقدام پر مسلم دنیا میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہاکہ اس قسم کی کارروائیوں سے دنیابھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ یہ کارروائیاں اشتعال انگیزی پر مبنی ہیں۔ کارروائیوں پر عالمی قوانین کے مطابق فوری طور پر پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔ عرب تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ڈنمارک کے حکام سے مطالبہ کیا کہ’ فوری طور پراس حوالے سے ٹھوس اقدام اٹھاتے ہوئے عالمی قوانین تحفظ مذاہب کے تحت انتہا پسندوں کا سخت محاسبہ کیا جائے۔ کویت نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کو اسلام اور تمام مذاہب کی توہین کے لیے نہیں استعمال کیا جانا چاہیے۔ کویتی وزارت خارجہ نے ڈنمارک کی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور رویے کو روکنے کے لیے تمام ضروری قانونی اقدامات کرے ، تیونس نے بھی تمام ممالک سے مقدسات کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


































