
بغداد: عراق کے شمالی شہر کرکوک میں کردوں اور عربوں میں مسلح تصادم کے بعد کرفیو لگادیا گیا۔کرکوک میں گذشتہ ایک ہفتے سے کشیدگی پائی جارہی ہے۔ گذشتہ روز کرد باشندوں نے احتجاجی ریلی نکالی جبکہ ترکمانی اور عرب باشندوں نے احتجاج کیا، اس موقع پر دونوں فریقوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ جس میں ایک شہری ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو گولیوں، پتھروں یا شیشے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔زخمیوں میں سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔ مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ تشدد بڑھنے پر وزیراعظم کے حکم پر شہر میں کرفیو لگادیا گیا۔ تنازع کا آغاز ماضی میں کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیڈکوارٹر کو واپس کرنے پر ہوا۔ اس ہیڈکوارٹر کو فوج 2017 سے اپنے بیس کے طور پر استعمال کررہی ہے۔


































