
کراچی : کراچی کے خانہ فرہنگ ایران میں ولادت باسعادت رسول اکرم(ص) اور امام جعفرالصادق(ع) کے حوالے سے پروقار تقریب ہوئی۔ جس سے ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر کامران پزشکی اور جماعت اسلامی کے نائب امیراسداللہ بھٹو سمیت دیگر شیعہ سنی علماء نے خطاب کیا۔ حسن نوریان نےاپنے خطاب میں مغربی ممالک کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف دنیا میں پھلائی گئی اسلام فوبیا مہم اورمظلوم فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں داعش جیسی دہشت گردتنظیموں کی پشت پناہی کے ذریعےاسلام کے حقیقی چہرے کومسخ کرنے اور مسلمانوں کے خلاف عالمی سطح پر نفرت پھیلانے کیلئے اپنے تمام شیطانی حربے بروئے کارلا رہی ہیں، جبکہ دوسری طرف انہی کی حمایت سے غاصب اسرائیل کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کاقتل عام بھی جاری ہے۔ مغرب ممالک ابھی تک اسرائیلی ظالمانہ کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ اسلامی اقدار اورپنے وقار کے تحفظ کیلئے آپس کےاختلافات سے اجتناب کرکےعالمی سامراج کے خلاف متحد ہوجائیں۔ تقریب سے متحدہ علما محاذ کے صدر علامہ عبدالخالق فریدی، مولانا غلام عباس رئیسی ، ناظر عباس تقوی اور سید فراست رضوی نے بھی خطاب کیا ۔


































