
کراچی: ضلع کرم کے علاقے اوچت (بگن) میں مسافر کانوائے پر مسلح تکفیری دہشتگردوں کے حملے میں شیعہ مسافروں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف شیعہ جماعتوں نے گورنر ہاؤس کراچی کے باہر علامتی احتجاجی دھرنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ پاراچنار کے خلاف شیعہ جماعتوں نے مزار قائد نمائش چورنگی سے گورنر ہاؤس تک احتجاجی ماتمی ریلی نکالی، جو گورنر ہاؤس پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر خواتین و بچوں سمیت کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ شرکاء سے آئی ایس او کراچی ریجن کے صدر سروش رضا، علامہ رجب علی بنگش، ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری، علامہ سید صادق رضا تقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنما ثمر عباس و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار پاکستان کا غزہ بنا ہوا ہے، جہاں تسلسل کے ساتھ حالات خراب کیے جا رے ہیں اور خارجی دہشتگرد آزاد دن دیہاڑے دہشتگردانہ کاروائیاں کر رہے ہیں، سیکیورٹی اداروں کی سرپرستی میں جانے والی کانوائے پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ سیکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے، پاراچنار روڈ کو محفوظ نہ بنانا ریاست اور سیکورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


































