
جنیوا: اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ وولکر ترک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد کے مرحلے میں انسانی حقوق، انصاف اور انسانی وقار کو اولین حیثیت دی جائے۔
وولکر ترک نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں اس بات پر اجتماعی اطمینان پایا جا رہا ہے کہ آخرکار جنگ اور انسانی مصائب کے خاتمے کی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اس لمحے کو پائیدار امن میں بدلنے کے لیے تمام فریقوں کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا امن اسی وقت ممکن ہے جب اس تنازع کے تمام فریق، اور عالمی برادری، بھروسے، انصاف اور جواب دہی پر مبنی اقدامات اٹھائیں۔ ترک کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں جن پر احتساب ناگزیر ہے۔


































