
عمان : اردن کی پارلیمنٹ نے ایک بار پھر اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ یہ مطالبہ صیہونی انٹیلی جنس کے سابق وزیر اور رکن پارلیمنٹ کی جانب سے اردن کو فلسطینی ریاست قرار دینے پر سامنے آیا۔ کوہن کے بیانات پر حکومتی خاموشی نے سوشل میڈیااور پارلیمنٹ کے ایوان میں غصے کے ردعمل کو جنم دیا۔ اردنی رکن پارلیمنٹ صالح العرموطی نے ان بیانات کو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ، اس پر صریحاً حملہ اور وادی عربہ معاہدے کے لیے ایک دھچکا قرار دیا۔ انہوں نے ایک بار پھرحکومت سے سفارتی تعلقات منقطع، معاہدے منسوخ کرنے اور یہ معاملہ بین الاقوامی فورمز پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ اردن کی پارلیمنٹ نے اس سے قبل اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کی منسوخی اورعمان میں اسرائیلی سفارت خانے کو بند کرنے کے لیے تقریباً 70 یادداشتوں پر دستخط کیے تھے لیکن حکومت نے ان میں سے کسی پرعمل درآمد نہیں کیا۔


































