
جے پور: ہندوستان کے شہر جے پور میں ہزاروں مسلمانوں نے ریلی نکالی اور چلتی ٹرین میں تین مسلم مسافروں کے قتل پر احتجاج کیا۔ متحدہ سنگھرش مورچہ کے بینر تلے احتجاجی ریلی میں دو درجن سے زائد مسلم تنظیموں نے حصہ لیا اور مقتولین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے مقتولین کیلئے فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ، سرکاری نوکری اور ایک مقتول اصغر علی کے اہل خانہ کے لیے رہائش کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت کو سات دن کا الٹی میٹم دیا اور خبردار کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ بھٹہ بستی سے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کریں گے۔ منتظمین کی اپیل پر لواحقین کی مدد کیلئے ایک لاکھ روپے جمع ہوگئے جو فوری طور پر ان کے حوالے کردئے گئے۔ واضح رہے کہ ریلوے اہلکار چیتن سنگھ نے چلتی ٹرین میں فائرنگ کرکے تین مسلمانوں کو چن چن کر قتل کردیا تھا۔


































