
میڈرڈ : اقوامِ متحدہ نے غزہ پر اسرائیل کی بے لگام بمباری کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے میڈرڈ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیل کی بے لگام بمباری سے پورے کے پورے محلے مسمار اور ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ زیادہ تر اسپتالوں کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ بیشتر اسپتال بند ہیں یا فوج نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ لوگ صرف بموں سے ہی نہیں صحت کا نظام نہ ہونے سے بھی مررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے تو ان لوگوں کی حفاظت کے لیے جو لڑائی میں فعال طور پر شامل نہیں ہیں۔ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام ہوناچاہیے۔ البانی نے کہا کہ وہ حماس کے تشدد کی سختی سے مذمت کرتی ہیں لیکن اسرائیل نے جو کچھ کیا ہے اس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔


































