
غزہ: اسرائیلی افواج کی خان یونس میں جارحیت جاری ہے ناصر میڈیکل کمپلیکس کا مختلف سمتوں سے محاصرہ اور اسپتال کے قریب شدید بمباری جاری ہے۔ چند گھنٹوں کے دوران 75 افراد شہید اور تین سو کے قریب زخمی ہوگئے۔ خان یونس میں اقوام متحدہ کے تربیتی مرکز پر گولہ باری سے 9 پناہ گزین جب کہ نصیرات کے رہائشی کمپاؤنڈ میں چار بچے شہید ہوگئے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے سبب کوئی اسپتال سے باہر یا اندر نہیں جاسکتا جبکہ اسپتال میں ڈائلیسز پر موجود 400 مریض فوری امداد کے منتظر ہیں۔رفح کے علاقے میں عمر بن عبدالعزیز مسجد پر حملے میں بھی درجنوں فلسطینی لقمہ اجل بن گئے۔ چوبیس گھنٹوں میں دو سو سے زائد شہید اور چار سو کے قریب زخمی ہوئے۔ خان یونس میں جھڑپوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جوابی کارروائی میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اسرائیلی ڈرون طیارہ، کئی ٹینک اور بلڈوزر کو تباہ کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق جنگی صورتحال کے دوران شمالی غزہ میں بدترین غیرانسانی صورتحال پر بھوک سے 5 لاکھ فلسطینیوں کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔


































