
تل ابیب : اسرائیل نے یرغمالیوں کا معاملہ ختم ہوتے ہی غزہ میں بھرپور فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے اسرائیلی چینل 7 کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ کوئی بھی بین الاقوامی فورس حماس کو غیر مسلح نہیں کر سکے گی۔ جبکہ حماس رضاکارانہ طور پر ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ اس لیے اسرائیل جنگ کی از سرِ نو تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ یرغمالی اپنے اہل خانہ سے ملتے ہی اسرائیلی فوج نے کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے اور باقیات ملتے ہی بھرپور کارروائی شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت اسرائیل کے حق میں کام کر رہا ہے اور حماس اب ادھار کے وقت پر زندہ ہے۔ کوہن نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے لبنان، شام اور غزہ میں اپنے اہداف حاصل کرنے کی صلاحیت پہلے ہی ثابت کر دی ہے۔ ایلی کوہن نے کہا کہ اسرائیل اس وقت غزہ کی آدھی سے زیادہ زمین، سرحدی راستوں، فلسطینی سرحدی راہداری فلاڈیلفی کوریڈور اور انسانی امداد کے راستوں پر کنٹرول رکھتا ہے، جو اسے مستقبل میں مزید دباؤ ڈالنے کی پوزیشن دیتا ہے۔


































