
تل ابیب : صیہونی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ حماس کی تمام سرنگیں تباہ نہیں کی جاسکیں۔ صیہونی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہےکہ ساٹھ فیصد سرنگیں اب بھی سالم ہیں جنہیں مکمل طور پر تباہ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غزہ کے اُن علاقوں میں سرنگوں کی مکمل تباہی کا حکم دیا گیا ہے جو اب بھی اسرائیلی کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کو غیر فوجی بنانا اور حماس کو غیر مسلح کرنا اسرائیل کی سب سے بڑی اسٹریٹجک ترجیح ہے۔
ادھر حماس نےکہا ہےکہ گھروں، رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حماس نے ثالثوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں، روزانہ کی ہلاکتوں، امداد پر پابندیوں اور رفح کراسنگ کی بندش کو روکنے کے لیے فوری دباؤ ڈالیں۔


































