
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور ان حملوں کو جنگ بندی کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کی ہے اور اس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا سنگین نقصان ہوا ہے۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کرے، جنگ بندی برقرار رکھے اور غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کو یقینی بنائے۔ تنظیم نے مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی، جن میں القدس کی بندش اور شدت پسند آبادکاروں کے مارچ کے نام پر سڑکوں کی ناکہ بندی شامل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ الاقصیٰ مسجد کی حرمت کی مسلسل پامالی دراصل القدس کو یہودیانے اور زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش ہے، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔


































