
تل ابیب : جنگی مجرم اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر غزہ پر اسرائیلی فوج کی پوری قوت کے ساتھ یلغار کرنے کی دھمکی دے دی۔ نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ کے دوران زخمی فوجیوں سے ملاقات میں کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں حماس کو زیر کرنے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ غزہ میں داخل ہوں گے۔ ہوسکتا ہے کہ حماس کہے کہ روک دیں وہ دس یرغمالیوں کو رہا کررہے ہیں۔ اس صورت میں اسرائیلی فوج رک جائے گی اور بعد میں داخل ہو گی۔ نیتن یاہو نے کہا کہ انہیں ایسا کوئی منظرنامہ نظر نہیں آتا جس میں اسرائیلی فوج اس جنگ کو روکے۔ ہم اس آپریشن کو مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرئیلی حکومت ایسے ممالک کو تلاش کر رہی ہے جو غزہ کے فلسطینیوں کو اپنے ہاں رکھنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ اس سے اسرائیلی حکومت کو فلسطینیوں کی طرف سے درپیش چیلنج سے نجات مل جائے گی۔


































